گردابی طوفان " ریمل " نے بنگلادیش میں مچائی تباہی، 7 لوگوں کی موت
خلیج بنگال سے اٹھے گردابی طوفان ’ریمل‘ نے بنگلہ دیش میں زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق گردابی طوفان کی تباہی کے سبب بنگلادیش میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس گردابی طوفان کے بعد دو شخص لاپتہ بھی بتائے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔
بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات (بی ایم ڈی) میں گردابی طوفان الرٹ سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شمیم احسن نے بتایا کہ اتوار کی رات 8 بجے ساحل پر آئے طوفان کے بعد جنوبی بنگلہ دیش اور ہندوستان کے مغربی بنگال کی ساحلوں پر تیز ہوائیں چلیں اور شدید طوفان آیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جنوب اور جنوب مشرقی پانچ ساحلی اضلاع سے اموات کی خبر ملی ہے۔
گردابی طوفان نے تقریباً ایک درجن ساحلی اضلاع میں فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ سب سے حساس 10 اضلاع سے 8 لاکھ لوگوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات تک پہنچایا جا چکا ہے۔
گردابی طوفان کے سبب ڈیڑھ کروڑ لوگ بجلی سے محروم رہے۔ بنگلہ دیش کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریاستی وزیر برائے راحت محمد محب الرحمن نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے مناسب ترکیب کی گئی ہیں۔