خطے کو سرطانی پھوڑے اسرائیل سے پاک کرنا ہمارا فریضہ ہے، سیدحسن نصراللہ
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ سرطانی پھوڑے اسرائیل کو ختم کرنے کے لئے ہمیں اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانا چاہیے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مجاہد عالم دین آیت اللہ شیخ علی کورانی کے انتقال کی مناسبت سے اپنے خطاب میں سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ خطے کو سرطانی پھوڑے اسرائیل سے پاک کرنے کے لئے دن رات کوشش کرنا ہمارا شرعی، فقہی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکا اور برطانیہ کی جارحیت کے مقابلے میں یمن کے عوام اور فوج کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اعلان کرتے ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ہم پہلی بار یہ محسوس کر رہے ہیں کہ استقامتی محاذ اتنا وسیع ہوچکا ہے کہ امریکا اور یورپ کی یونیورسٹیوں کے طلبا بھی غزہ میں اسرائيلی جرائم کے خلاف انسانی اور اخلاقی موقف اپناتے ہوئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ جاری رکھنے پر نیتن یاہو کا اصرار صیہونی حکومت کے حالات اور زیادہ خراب کر دے گا۔ سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ جنگ غزہ زندگی اور موت کی جنگ ہے بنابریں اس جنگ میں صیہونی حکومت کی شکست پورے خطے میں ہر میدان میں وسیع اثرات مرتب کرے گی۔