القسام بریگيڈ کے ترجمان کا حجاج کے نام اہم پیغام
شہید عزالدین قسام بریگیڈ کے ترجمان نے حجاج کے نام ایک پیغام جاری کر کے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ اور فلسطین کی مظلوم عوام کے لئے دعا کریں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ہمارے نمائندے کے مطابق شہید عزالدین قسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے خانہ خدا کے حاجیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے: خانہ کعبہ کا حج کرنے والوں سے ہم اپیل کرتے ہيں کہ وہ غزہ اور فلسطین میں اپنے بھائیوں کے لئے خاص طور پر دعا کریں اور مناسک حج کے دوران غزہ ، یہاں کے صابر عوام اور مجاہدوں کو نہ بھولیں۔
ابو عبیدہ نے زور دے کر کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب خدا کے مہمان حج کے فرائض انجام دے رہے ہيں، ہم عظیم اسلامی امت کی نیابت میں دشمنان خدا کے خلاف جہاد کے فریضے کی انجام دہی میں مصروف ہيں۔
شہید عزالدین قسام بریگیڈ کے ترجمان نے مزید کہا: الاقصی طوفان آپریشن مسلمانوں کے تیسرے سب سے زیادہ مقدس مقام کی حفاظت کے لئے انجام دیا گیا اور حج ، دو ارب مسلمانوں کو یہ یاد دلانے کا مناسب موقع ہے کہ دشمن کے ساتھ ہماری جنگ کی حقیقت کیا ہے، یہ وہ دشمن ہے جو پیغمبر اسلام (ص) کے مقام معراج کی توہین کر رہا ہے، وہاں بدعنوانی پھیلانے اور اسے یہودی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔