سرایا القدس کے کمانڈر کی شہادت کے بعد صیہونی علاقوں پر راکٹوں کی بارش، صیہونیوں میں سراسیمگی
فلسطین کی تحریک استقامت کے مختلف گروہوں نے غزہ کے اطراف میں واقع غیر قانونی صیہونی بستیوں منجملہ اشکول کو جوابی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی جارحیت کے جواب میں تحریک استقامت کے مختلف گروہوں نے غزہ کے اطراف میں واقع غیرقانونی صیہونی بستیوں منجملہ اشکول پر میزائل حملے کے بعد مختلف صیہونی علاقوں منجملہ کیزوویم، نیرعوز، العین الثالثہ، حولیت، صوفا سدیہ ابراہم اور نیریم میں خطرے کا سائرن بجنے لگا اور غاصب صیہونیوں میں افراتفری مچ گئی۔
اسرائیل کے ریڈیو نے بھی اعلان کیا ہے کہ غزہ کے اطراف میں واقع صیہونی علاقوں میں پندرہ منٹ کے اندر سات بار خطرے کا سائرن بجا۔ صیہونی ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ غزہ کے قریب عین ہشلوشا پر شدید میزائل حملے ہوئے۔ صیہونی فوجی ریڈیو نے بھی کہا ہے کہ اشکول کے علاقے پر بیس میزائل گرے۔
دوسری جانب عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے ایک بیان میں غرب اردن پر تازہ صیہونی جارحیت اور جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے ایک کمانڈر کی شہادت کے بعد، اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام اپنی برحق جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت اور قتل و تشدد کی پالیسی جاری ہے تاہم یہ پالیسی اس بات کا موجب نہیں بنے گی کہ فلسطینی مجاہدین اپنی جدوجہد کا سلسلہ بند کر دیں ، ساتھ ہی جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین، طولکرم میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور نتیجے میں صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے قبل تحریک استقامت نے تاکید کی تھی کہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے بڑھتے جرائم کا نتیجہ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہو گا کہ فلسطینیوں کی استقامت صیہونی حکومت کی نابودی تک پامردی کے ساتھ جاری رہے۔
فلسطین کی تحریک استقامت کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہدا کا خون فلسطین کی تحریک استقامت اور تمام حریت پسندوں کے لئے ایک امانت کے طور پر موجود ہے تاکہ وہ اس خون کے بدلے صیہونی حکومت کی نابودی کی راہ میں قدم آگے بڑھاتے رہیں اور جلد یا بدیر صیہونی حکومت کو اپنے جاری جرائم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ اس سلسلے میں جہاد اسلامی فلسطین نے بھی ایک بیان میں سرایا القدس کے ایک کمانڈر سعید جابر کی شہادت کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے اس شہید کمانڈر کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں اس فوجی کمانڈر کو شہید کرنے کے صیہونی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ نور الشمس کیمپ پر صیہونی جارحیت فلسطینی قوم کے خلاف ایک مکمل جنگ کے دائرے میں ایک سازشی منصوبہ ہے اور صیہونی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ وہ جارحانہ منصوبے جاری رکھ کر فلسطینیوں کی استقامت کا مقابلہ نہیں کر سکے گی۔
تحریک حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی شہدا کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور جارحیت کی آگ کے جو شعلے صیہونیوں کے ہاتھوں بلند ہوئے ہیں وہ صیہونی حکومت کی نابودی و مکمل زوال تک خاموش نہیں ہوں گے۔