Jul ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۲ Asia/Tehran
  • غزہ میں عمارتوں کے ملبے سے 60 شہداء کی لاشیں برآمد، زیادہ ترلاشیں جلی ہوئی ہیں

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے غزہ پٹی میں غاصب صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ہمارے نمائندے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں اسرائیلی قبضے اور اس کے جرائم کی مذمت کی ہے، جن میں سے تازہ ترین واقعہ غزہ شہر کے "الصناعہ" اور "تل الہوا" میں دہشتگرد اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں درجنوں افراد کی شہادت ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض افواج اور صیہونی آباد کاروں کی طرف سے وحشیانہ حملوں اور منظم دہشت گردی میں اضافے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

غزہ شہر کے جنوب مغرب سے صیہونی فوج کے ایک دستے کے انخلاء کے بعد صیہونی جرائم اور بربریت کے خوفناک مناظر سامنے آئے ہیں۔

غزہ کے شہری دفاع کے محکمے نے جمعہ کی شام اعلان کیا کہ غزہ شہر کے مغرب میں واقع تل الہوا محلے میں عمارتوں کے ملبے سے کم از کم 60 شہداء کی لاشیں نکالی گئیں اور زیادہ تر لاشیں مکمل طور پر جل چکی ہیں۔ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ تھی۔

فلسطین کے طبی ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ "فرینڈز آف دی سِک" اسپتال کے قرب و جوار سے دہشتگرد اسرائیلی فوجیوں کے پیچھے ہٹنے کے بعد امدادی کارکنوں نے اس اسپتال کے اندر سے 5 فلسطینیوں کی لاشیں بر آمد کی ہیں ۔ نیز غزہ پٹی کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ فضائی حملے میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

غاصب صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کے مرکز دیر البلاح شہر میں بھی ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔

ٹیگس