Jul ۲۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • حماس: انروا کو دہشت گرد قرار دینے کے اسرائیلی پارلیمنٹ کے مسودہ قرار داد کی مذمت

حماس اور جہاد اسلامی نے الگ الگ بیان جاری کرکے، اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کو دہشت گرد کہنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نامہ نگار کے مطابق، حماس نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ہم صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ میں انروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اس کی سرگرمیاں روکنے پر مبنی مسودہ قرار داد کی منظوری کی مذمت کرتے ہیں۔ حماس نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کا یہ اقدام غلط اور غیر قانونی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین نے بھی ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت قحط اور بھوک مری کی جنگ مسلط کرنا چاہتی ہے جس سے غزہ اور غرب اردن میں بے گھر ہونے والے فلسطینی پناہ گزیں متاثر ہوں گے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کا یہ اقدام فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی اور فلسطین کے مسئلے کو سرے سے ختم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کا یہ بیان غاصب صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ میں انروا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مسودہ قرار داد منظور کئے جانے کے بعد جاری ہوا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ میں منظور کئے جانے والے مسودہ قرار داد میں مقبوضہ علاقوں اور بیت المقدس میں انروا کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی بات بھی کی گئی ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ نے اس مسودہ قرار داد کو منظور کر لیا ہے۔

ٹیگس