اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے صیہونی اقدام کی مذمت، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے اسرائیلی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے اس اقدام سے ایران کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے سیاسی نامہ نگار کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے جدہ میں تنظیم کی مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھنے پر غاصب اسرائیلی حکومت کا اصرار سبھی بین الاقوامی قوانین، اصولوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران پر اسرائیلی حکومت کا حملہ ایران کے قومی اقتدار اعلی اور اس کی قومی سلامتی نیز سبھی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ جدہ میں او آئی سی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس اسلامی جمہوریہ ایران کی درخواست پر بدھ کو منعقد ہوا ۔فلسطینی عوام کے خلاف صیہونیوں کے جرائم ، تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت اور اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت نیز نیشنل سیکورٹی اور قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کا جائزہ او آئی سی کے بدھ کے ہنگامی اجلاس کا ایجنڈا تھا۔