شام میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ
شام کے شمالی علاقے دیر الزور میں واقع کونیکو گيس فیلڈ میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ ہوا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: العالم کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ شام کی سرحد سے ملحقہ عراق کے مغربی بیابانی علاقے سے کیا گيا ہے۔ اس حملے کے بعد امریکی لڑاکا طیاروں نے دیر الزور کے مضافاتی علاقے میں فضاؤں میں پرواز کی۔ اب تک اس حملے میں ہونے والے ممکنہ نقصان کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج نے کہا ہے کہ شام کے شمال مشرقی علاقے رومالین میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے فوجی اڈے پر ہفتے کے دن ہونے والے ڈرون حملے میں آٹھ فوجیوں کو سروں پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔
امریکی وزارت جنگ کی رپورٹ کے مطابق ان آٹھ فوجیوں میں سے تین فوجی واپس اپنی ڈیوٹی پر چلے گئے ہیں لیکن پانچ فوجیوں کو ابھی تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گيا ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان نے ان امریکی فوجیوں کی حالت اور چوٹوں کی شدت کی مزید تفصیلات کی جانب اشارہ کئے بغیر کہا ہے کہ اس ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے کسی بھی فوجی کی جان خطرے میں نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کے دن شام کے صوبۂ الحسکہ میں واقع امریکی فوجی اڈے خراب الجیر میں چند دھماکے ہوئے تھے۔
ان دھماکوں کے بعد امریکی فوجی اڈے میں آگ لگ گئی تھی اور دھویں کے بادل چھا گئے تھے کہا جاتا ہے کہ یہ دھماکے ڈرون حملے کے نتیجے میں ہوئے تھے۔