غرب اردن پر حملے فلسطینی قوم کے خلاف ہمہ گیر جنگ کا حصہ ہیں، فلسطینی اتھارٹی
فلسطینی اتھارٹی نے کہا ہے کہ مغربی کنارے پر صیہونی حکومت کے حملے فلسطینی قوم، زمین اور مقدسات کے خلاف ہمہ گیر جنگ کا حصہ ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی اتھارٹی نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں پر صیہونی حکومت کی جارحیت کا مقصد، فلسطینی قوم، ان کے وطن اور مقدس مقامات کے خلاف ہمہ گیر جنگ کے منصوبے کو پائے تکمیل پہنچانا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس خطرناک کشیدگی کی ذمہ داری قابض حکومت اور امریکی فریق پر عائد ہوتی ہے جو اس جنگ کو جاری رکھنے کی حمایت کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گيا ہے کہ کشیدگی پیدا کرنے والی اس پالیسی سے کسی کو سلامتی اور استحکام نصیب نہیں ہوگا بلکہ تمام فریقوں کو صیہونی حکومت کی حماقتوں کی قیمت چکانی پڑےگی۔ فلسطینی اتھارٹی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم امریکی فریق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر کارروائی کرے اور قابض حکومت کو مجبور کرے کہ وہ ہماری قوم، زمین اور مقدسات کے خلاف ہمہ گیر جنگ بند کرے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ پوری دنیا کو اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔