غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کا عالمی برادری سے مطالبہ
اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین بالخصوص غزہ کی پٹی میں غاصب اسرائیلی حکومت کی جارحیت بند کرانے اور غزہ کے مکینوں تک خوراک اور ادویات کی ترسیل کے لئے اقدامات کرے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی ایسنا کے مطابق، مراکش کے دارالحکومت رباط میں اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین نے ایک بیان میں عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ میں موجود بااثر طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جارحیت کو فوری طور پر بند کرانے، اس کے خلاف آواز اٹھانے، فلسطینی زمینوں کا محاصرہ ختم کرانے اور غزہ کے باشندوں کو خوراک اور ادویات فراہم کرنے کے ساتھ ہی فلسطینی عوام کےلیے بین الاقوامی حمایت کی کوشش کریں۔
رباط کا یہ بیان اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی یونین آف کونسلز کی ایگزیکٹو کمیٹی کے باونویں اجلاس کے پہلے دن کے اختتام کے بعد جاری کیا گیا جو منگل اور بدھ کو مراکش کے دارالحکومت میں منعقد ہوا۔ اس بیان میں دنیا کے مختلف ممالک میں کثیر الجہتی پارلیمانی تنظیموں اور قومی پارلیمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قابض اسرائیلی حکومت کو فلسطینی عوام کے خلاف اپنی جارحیت کو روکنے کے لیے مجبور کرنے کی کوشش کریں۔