صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدوں میں شدید جھڑپیں، صیہونی فوجی پیچھے ہٹنے پر مجبور
Sep ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
فلسطین کی تحریک استقامت نے صیہونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں جنین کے علاقے میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی ہے۔ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے جنین میں حرش السعادہ اور جنین کے مغرب میں الیامون علاقے پر بھی حملہ کیا جہاں فلسطینیوں نے جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔
فلسطینی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ نابلس میں العین کیمپ اور کفر قلیل پر بھی صیہونی فوج نے حملہ کیا جہاں تحریک استقامت کے جوانوں نے صیہونی فوجیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے غرب اردن میں الخلیل کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا اور کئی فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔