Sep ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۷ Asia/Tehran
  • یمن میں صدیوں پرانی روایت، میلاد النبی کے موقع پر سبز پوش

نبی رحمت کے شیدائی یمن نے ایک بار پھر اپنی گیارہ صدیوں پرانی روایت کو عملی جامہ پہناتے ہوئے دنیا والوں کے سامنے رحمت للعالمین سے عشق و وفاداری کی انوکھی مثال پیش کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے عوام نے اپنی دیرینہ اور گیارہ صدی پرانی رسم پر عمل کرتے ہوئے حضرت سبز قبا محمد مصطفیٰ کی یاد میں سبز رنگ کی نورانی چادر اوڑھی اور دنیا میں جشن میلاد النبی کی ایک منفرد اور لاثانی مثال پیش کی۔ یمن سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق اس ملک کے باشندوں نے حبیب کبریا سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے آنحضرت (ص) کی آمد پر اپنے تمام شہروں اور قریوں میں سبز چراغ روشن کر کے نہایت دلفریب اور دیدہ زیب مناظر دنیا والوں کے سامنے پیش کئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ربیع الاول کی آمد پر عید میلادالنبی کی خوشی میں یمن سبز رنگ کی چادر اوڑھ لیتا ہے اور یہ روایت اس ملک میں گزشتہ گیارہ صدیوں سے جاری ہے۔ یمن میں منائے جانے والے جشن میلاد النبی دنیا بھر میں اپنے جوش و ولولہ مخلصانہ عقیدتوں اور عظمت و شوکت کے لئے معروف ہیں جن میں دسیوں لاکھ کی تعداد میں یمنی عوام شرکت کرتے ہیں اور اپنے آقا اور آپ کی عنایت کردہ تعلیمات کے ساتھ تجدید عہد اور اعلان وفاداری کرتے ہیں۔
حسب معمول اس بار بھی جشن میلاالنبی کی مرکزی تقریب دارالحکومت صنعا میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں یمنی شہری شریک ہوئے اور اجتماع سے یمنی حکومت کے نگران اعلیٰ اور تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبد المک بدرالدین الحوثی نے خطاب کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یمنی عوام غزہ کی ہر ممکن حمایت و مدد کو بھی امت محمدی کے فرائض میں سے گردانتے ہوئے اس عمل کو اپنا دینی، شرعی، اجتماعی اور اخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں۔

ٹیگس