حماس کی جانب سے لبنان پر صیہونی حکومت کی جارجیت کی سخت مذمت
حماس نے لبنان پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے صیہونی حکام کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق حماس نے ایک بیان جاری کرکے لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی جس میں سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے، سخت مذمت کی ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت یہ وحشیانہ جرائم امریکا کی حمایت کے بغیر انجام نہیں دے سکتی۔ حماس نے صیہونی جارحیت کے مقابلے میں لبنان کے عوام اور حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وحشیانہ جنگی جرائم پر صیہونی حکام کی گرفتاری کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات انجام دے۔
حماس نے کہا ہے کہ لبنان پر وسیع وحشیانہ حملہ جنگی جرم ہے جو صیہونیوں کی نازی ماہیت کا مظہر ہے اور اس بحران کی نشاندہی کرتا ہے جس میں نیتن یاہو اپنی شکست خوردہ پالیسیوں اور غزہ میں جنگ اور فلسطینی عوام کی نسل کشی بند کرنے کی مخالفت کے نتیجے میں گرفتار ہوا ہے۔ حماس نے عرب لیگ اور اسلامی تعاون کی تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان اور فلسطین پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے رکوانے کےلئے ٹھوس فیصلہ کریں اور اس سرکش حکومت کو الگ تھلگ کرنے کے لئے اس کا بائیکاٹ کریں۔