Oct ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۵ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت کو شکست دینے کے عزم پر زور، حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے غاصب صیہونی حکومت کو شکست دینے کے عزم پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: شیخ نعیم قاسم نے آج منگل کو اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی استقامتی محاذ کی مشارکت سے مشرق وسطی کی تبدیلی کا سرآغاز تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ طوفان الاقصی ایک استثنائی اور منفرد آپریشن تھا جس سے مشرق وسطی میں تبدیلی کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام اور استقامتی تحریک نے ایک سال بے مثال استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کیا اور یہ پائیداری جاری رکھنے پر قادر ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ غزہ اور غرب اردن میں استقامت، اور مقبوضہ فلسطین کے اندر کارروائیاں ثابت کرتی ہیں کہ فلسطینی قوم ناقابل شکست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونی دشمن آج جو کر رہا ہے وہ جنگ نہیں بلکہ انسانیت کا قتل ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اگر امریکا غاصب صیہونی حکومت کی حمایت نہ کرتا تو اس کی جارحیتیں ایک مہینے میں رک جاتیں۔ حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ صیہونی دشمن اور امریکا ہمیں مرعوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم نہ ڈرنے والے ہیں اور نہ ہی کسی سے مرعوب ہونے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم ایک وسیع محاذ پر غاصب صیہونیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہم سپاہیان سید و سالار محاذ استقامت شہید حسن نصراللہ ہیں اور غاصب صیہونی حکومت کو یقینا شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے آپریشن وعدہ صادق ایک اور آپریشن وعدہ صادق دو میں قلب تل ابیب کو نشانہ بنایا اور اس کے دونوں آپریشنوں نے ثابت کردیا کہ ایران استقامتی محاذ کے ساتھ کھڑا ہے۔

ٹیگس