غزہ: پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر صیہونی حکومت کے حملے میں 15 فلسطینی شہید
غزہ میں ایک مکان اور پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر صیہونی حکومت کے حملے میں پندرہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا نے فلسطینی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ افراد اس وقت شہید ہوگئے جب صیہونی فوج نے غزہ پٹی کے وسط میں واقع البریج کیمپ میں ایک مکان اور ان خیموں پر بمباری کردی جہاں فلسطینی پناہ گزین مقیم تھے۔ شہید اور زخمیوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
صیہونی فوج کے ٹینکوں اور توپخانے نے جنوبی غزہ کے علاقے الصبرہ اور مشرقی خان یونس پر بھی گولہ باری کی ہے۔
جارح صیہونی فوج نے شمالی رفح کے علاقے خربۃ العدس میں واقع ایک مسجد کو نشانہ بنایا کہ جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ادھر فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مختلف مقامات پر چار مرتبہ وحشیانہ حملے کئے جس کے نتیجے میں ایک سو چالیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ 1 سال کے دوران صیہونی حکومت نے غزہ میں اکتالیس ہزار نو سو نو افراد کو شہید کیا جن میں ستر فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری جنگ کے دوران اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد ستانوے ہزار تین سو سے زيادہ ہوگئی ہے۔