شمالی مقبوضہ فلسطین اور صیہونی حکومت کے فوجی اڈوں پر حزب اللہ کے میزائلوں کی بارش
لبنانی استقامت کے جوانوں نے شمالی مقبوضہ فلسطین اور صیہونی حکومت کے فوجی اڈوں پر میزائلوں کی بارش کردی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے چند بیانات جاری کر کے غاصبوں پر اپنے نئے حملوں کی خبر دی ہے۔ لبنان کی اسلامی استقامت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملت فلسطین کی حمایت و مدد، لبنانی عوام کے دفاع اور اسلامی استقامت کے شہروں، دیہاتوں اور عام شہریوں پر اسرائیل کے حملوں کے جواب میں جمعرات کو کریات شمونا کالونی پر میزائل فائر کئے گئے۔ حزب اللہ لبنان نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ مجاہدین نے جمعرات کو المرج میں اسرائیلی فوجیوں کے اکٹھا ہونے کے مقام پر کئی میزائلوں سے حملہ کیا۔ حزب اللہ نے اپنے تیسرے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی استقامت کے مجاہدین نے بیت ہلل میں بھی صیہونی فوجیوں کے اکٹھا ہونے کی جگہ کو کئی میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے اپنے چوتھے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی استقامت کے جوانوں نے معیان باروخ میں صیہونی فوجی اڈے پر بھی میزائل برسائے ہيں۔
الجزیرہ نے بھی شمالی مقبوضہ فلسطین پر سنگین میزائلی حملے کی خبر دی ہے۔ دریں اثنا اسرائیل کے ہیوم اخبار نے بھی مرگلیوت صیہونی کالونی میں ایک عمارت پر میزائل فائر ہونے اور اس کے نتیجے میں بھاری نقصان کی خبر دی ہے۔ کریات شمونہ کے میئر نے صیہونیوں سے بنکروں میں جانے کی ہدایت کی ہے۔