یمن کے دارالحکومت صنعا میں غزہ اور لبنان کے عوام کی حمایت میں ملین مارچ
یمن کے دارالحکومت صنعا میں ملین مارچ میں عوام نے صیہونی حکومت اور امریکہ کے مقابلے کےلئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے دارالحکومت صنعا میں امریکہ و صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں غزہ اور لبنان کے عوام کے ساتھ اعلان آمادگی کے زیر عنواں صنعا کے ملین مارچ کے شرکا نے تاکید کی ہے کہ وہ امریکہ، برطانیہ اور مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہیں۔ ان شرکا نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین و لبنان کی تحریک استقامت کی حمایت اور صیہونی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہم اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہیں۔
صنعا کے ملین مارچ کے شرکا نے غزہ و لبنان کے عوام کی حمایت اور مدد اور عالمی استکبار منجملہ امریکہ، برطانیہ اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے مقابلے میں یمن کے مواقف پر تاکید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یمنی عوام اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ڈٹے رہیں گے۔
صنعا کے عوام نے اعلان کیا کہ صیہونی دشمن کے مقابلے کے پانچویں مرحلے اور طوفان الاقصی آپریشن کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے مکمل آمادہ ہیں اور اس سلسلے میں سب کو چاہئے کہ متحد رہیں۔ صنعا ملین مارچ کے شرکا نے اسی طرح اعلان کیا کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت فلسطینیوں کی نسل کشی نہ صرف تیرہ مہینوں سے جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ اس نے اپنی جارحیت کا دائرہ غزہ کے شمالی علاقوں تک بھی پھیلا دیا ہے اور غرب اردن کے علاقوں اور لبنان تک وسیع کر دیا ہے۔
مظاہرے کے اختتامی بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ وحشیانہ صیہونی جارحیت جاری رہنے کے باوجود گذشتہ تیرہ مہینوں میں تحریک استقامت کی کاروائيوں میں غاصب صیہونی حکومت کو بھاری جانی و مال نقصان پہنچا ہے۔