Dec ۰۴, ۲۰۲۴ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • حماس نے ایک بار پھر غزہ میں نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے

حماس نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کا حکم صادر ہونے کے باوجود صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی رکوانے کے لئے فوری اقدام کیا جائے

سحرنیوز/عالم اسلام: حماس نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ بیت لاہیا میں فلسطینیوں کے گھروں پر بمباری انہیں یہاں سے کوچ پر مجبور کرنے کے لئے کی جارہی ہے۔

 حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمال عدوان اسپتال اور طبی عملے پر مسلسل حملے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی پر مصر ہے۔

 حماس نے کہا کہ غزہ ميں 425 دن سے غاصب صیہونی حکومت نے وحشیانہ جرائم اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی جاری رکھی ہے۔

حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی کوئی پرواہ کئے بغیر اور بین الاقوامی نظام کی ناکامی کے سائے میں، دن رات ہولناک جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

 حماس نے کہا ہے کہ اس کے باوجود کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتین یاہو اور سابق وزیر جنگ یواو گالانت کی گرفتاری کا حکم صادر کرچکی ہے، صیہونی حکومت نے  رہائشی علاقوں اورلوگوں کے گھروں پر بمباری اور انہیں اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے جو ایسے جنگی جرائم، اور نسلی تصفیہ ہے کہ جس کی معاصر تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

حماس نے عرب اور اسلامی ملکوں، اقوام متحدہ نیز اس کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کا محاصرہ ختم اور فلسطینی عوام کی نسل کشی رکوانے کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات انجام دیں۔     

ٹیگس