یمن کا اسرائیل کو دندان شکن جواب 18 صیہونی زخمی، بن گوریون ہوائی اڈے پر پروازیں معطل
صنعا پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حملے کے بعد یمنی فوج نے مقبوضہ علاقوں کے مرکز میں صیہونی اہداف پر کامیاب میزائل حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے سات فضائی حملوں میں صنعاء اور الحدیدہ صوبوں کے اہداف پر بمباری کی جن میں صنعاء کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور الحدیدہ میں بجلی گھر کو نشانہ بنایا- یہ حملے ایسے میں کئے گئے کہ جب عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر اور اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کورآرڈینیٹر یمن میں موجود تھے۔
یمن کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے جمعہ کی صبح اعلان کیا کہ اس ملک کے دارالحکومت صنعا کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ اور صوبہ الحدیدہ پر صیہونی حکومت کے حملے میں چھ افراد شہید اور چالیس زخمی ہوگئے۔
یمن پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے چند گھنٹے بعد یمنی فوج نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا۔
یمنی میزائل حملے کے بعد تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے پر پروازیں معطل کر دی گئیں اور متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا-صہیونی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ یمنی میزائل حملے کا سائرن سن کر بیس لاکھ سے زائد صہیونی آباد کار پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے لگے اور ہجوم کے نتیجے میں کم از کم اٹھارہ صہیونی زخمی ہو گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے یمن اور اسرائیل کے درمیان تنازعات کی مذمت کرتے ہوئے یمن پر صیہونی حکومت کے حملوں کو تشویشناک قرار دیا اور تمام فریقوں سے تحمل سے کام لینے اور خطے میں فوجی کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے جمعرات کی شب ایک بیان میں یمن پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان صنعا پر اسرائیل کے حملے کو ، یمن کے حملوں کے مقابلے میں تل ابیب کی شکست کا نتیجہ سمجھتی ہے۔
دوسری جانب یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں فلسطینیوں کا اجتماعی قتل عام کیا ہے۔
عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی جو کچھ غزہ میں کر رہے ہیں وہ کھلی نسل کشی ہے جس کا بین الاقوامی اداروں نے بھی تصدیق کی ہے۔ الحوثی نے شام میں دمشق کے جنوبی مضافات اور درعا کے اطراف کے علاقوں پر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج نے قنیطرہ کے پچانوے فیصد علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے مقبوضہ فلسطین کے مرکزی علاقوں پر یمن کی مسلح افواج کے حملوں کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ یافا میں صیہونی فوجی علاقے پر بیلسٹک میزائل سے حملے اور امریکی ایف اٹھارہ جنگی طیارہ تباہ ہوجانے کو اہم کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا خود صیہونی حکام نے بھی اعتراف کیا اور اہم بات یہ ہے کہ صیہونی دفاعی سسٹم یمنی بیلسٹک میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ثابت نہیں ہو سکا ہے۔