پاکستان: 27 ویں آئینی ترمیم 2025 کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا
اطلاعات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں27 ویں آئینی ترمیم 2025 کو چیلنج کردیا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان کے خلاف ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں دی گئی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صوبوں کی مشاورت کے بغیر ترمیم سے آئینی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ترمیم کے تحت استثنیٰ دستور اساسی کے ہی خلاف ہے، ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کے اختیارات میں کمی کی کوشش کی گئی ہے جب کہ ترمیم سے عدالتی اختیارات کم کر کے عدالتی آزادی کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مقدمات کی آئینی عدالت منتقلی کو کالعدم قرار دے اور 27 ویں آئینی ترمیم کی شقوں کو ماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ سینیٹ میں جے یو آئی (ف) کے سینیٹر احمد خان اور پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے ووٹ کی بدولت حکومت دو تہائی اکثریت سے 27 ویں آئینی ترمیم 2025 کا بِل منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی کی ہدایت کے خلاف ووٹ دینے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ جے یو آئی (ف) نے احمد خان کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ ترمیم کے بِل کی منظوری کے لئے قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے جو حکومتی اتحاد کے پاس موجود ہے جب کہ حزب اختلاف کے پاس محدود تعداد میں ارکان ہیں۔