عوفر جیل کے پاس فلسطینی قیدیوں کے اہل خانہ پر صیہونی فوجیوں کا حملہ
فلسطین کی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے مغرب میں واقع عوفر جیل کے قریب قیدیوں کے اہل خانہ اور ان کا استقبال کرنے والوں پر حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی فوج نے عوفر جیل کے آس پاس موجود قیدیوں کی رہائی کے منتظر خاندانوں اور لوگوں پر آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا- حملے کے دوران سات فلسطینی زخمی ہوگئے- استقبال کرنے والوں نے قابض فوج کے خلاف نعرے لگائے۔ لوگ عوفر جیل سے فلسطینی قیدیوں کے پہلے گروپ کی رہائی کے منتظر ہیں جب کہ اسرائیل نے قیدیوں کے اہل خانہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے عزیزوں کی رہائی کا جشن نہ منائيں- اسرائیلی فوج نے میڈیا کے افراد اور فلسطینیوں سے بھی کہا کہ وہ عوفر جیل کے ارد گرد کا علاقہ خالی کر دیں۔ فلسطینی قیدیوں کے میڈیا آفس نے اعلان کیا ہے کہ جن قیدیوں کی رہائی پر اتفاق ہوا ہے ان کے ناموں کے جائزے کے دوران ایک فلسطینی خاتون قیدی کا نام غائب تھا۔ رپورٹ کے مطابق تکنیکی عملہ ثالثی کرنے والے ممالک اور ریڈ کراس کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اسرائیل پر معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔