Jan ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجی گاڑیوں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا

غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، جارح اسرائیلی فوج نے الخلیل کے شمال میں واقع "العروب" کیمپ اور "صوریف" ٹاؤن پر حملہ کرکے تین فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے کمانڈر نے غزہ کی طرح غرب اردن میں بھی صیہونی فوج کو شکست دینے کے عزم کا اعلان کیا ہے۔غرب اردن میں سرایا القدس کے کمانڈر نے صیہونی فوجیوں کے مقابلے میں جہادی فلسطینی گرہوں کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن کی جنگ میں بھی دشمن کو غزہ کی جنگ کی طرح شکست کا ہی سامنا ہوگا-

ارنا نے فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ہمارے مجاہدین سڑک کے کنارے نصب کئے جانے والے کئی بم علاقے میں پہنچا چکے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے قباطیہ اور طمون نامی علاقوں میں غاصب صیہونی فوجیوں کی گاڑیوں کو بموں کے دھماکوں سے اڑا کر، غاصب فوجیوں کے کمانڈروں کو صرف ایک پیغام دیا ہے۔

غرب اردن میں سرایا القدس کے کمانڈر نے کہا کہ ہمارے مجاہدین نے القسام بریگیڈ کے سپاہیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائیوں کو وسعت دے دی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم اہل وطن کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے مجاہدین بہت اچھی پوزیشن میں ہیں اور ان کے حوصلے بہت بلند ہیں اور صیہونی دشمن جو کہ غزہ میں فلسطین کے استقامتی محاذ کے سپاہیوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا، غرب اردن میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔

دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی کی سیکیورٹی سروسز نے فلسطینی صحافی محمد الاطرش کو بھی گرفتار کر لیا اور انہیں جنین پر حملوں کی کوریج کرنے سے روک دیا۔

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ قدس کی قابض فوج نے رام اللہ کے شمال میں واقع گاؤں "المزرعہ" میں ایک فلسطینی کے گھر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا اور گاؤں پر حملے کے دوران آٹھ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔

فلسطینی میڈیا نے بھی قابض اسرائیلی فورسز کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی کی سیکیورٹی فورسز کے تعاون کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ ان فورسز نے جنین کے قباطیہ ٹاؤن کے رہائشی "احمد ابو عامر" کو گرفتار کرلیا ہے کہ جس کی قابض فورسز کو تلاش تھی ۔ اسی دوران فلسطینی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے جنین شہر میں سرکاری ہسپتال کے سامنے بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کر دیا ہے۔

ٹیگس