جنگ بندی معاہدے کی اسرائیل نے کتنی بار خلاف ورزی کی ؟
فلسطینی ذرائع نے صیہونی حکومت نے جنگ بندی کے پہلے مرحلے پر عمل در آمد کے آغاز سے اب تک کم سے کم ایک ہزار بار غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی نیوز وب سائٹ الرسالہ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی تین مرحلوں پر مشتمل ہے اور ہر مرحلہ بیالیس دنوں تک چلے گا۔ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ ہفتے کے روز ختم ہو گيا۔ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے بیالیس دنوں تک صیہونی حکومت نے، فائرنگ ، حملے اور فضائی بمباری اور گولہ باری کرکے کم سے کم ایک ہزار بار اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس دوران ستتر بار فائرنگ، پینتالیس بار فوجی کارروائی، سینتیس بار بمباری، پانچ بار ڈرائيوروں اور ماہیگیروں کی گرفتاری اور دو سو دس بار غزہ پر جنگی طیاروں کی پرواز کے ذریعے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے دوران اٹھانوے فلسطینی شہید اور چار سو نوے زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجی گاڑیاں خاص طور پر غزہ پٹی اور مصر کے سرحدی علاقے صلاح الدین میں آئے دن در اندازی کرتی ہیں جہاں سے انخلاء جنگ بندی معاہدے کی شقوں میں شامل ہے۔
فلسطینی شہریوں پر فائرنگ اور ان کے گھروں کو منہدم کرنے کے علاوہ صیہونی فوجی، الرشید اور صلاح الدین روڈ سے انخلاء میں تاخیر کر رہے ہيں اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی میں رکاوٹ ڈال رہے ہيں جبکہ چار صیہونی قیدیوں کی رہائی کے بعد فوری طور پر اسے ان علاقوں سے انخلا کرناتھا۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر فائرنگ اور انہيں گرفتار کرنے کے بیشتر اقدامات السلطان، تل السلام، تل زعرب، العودہ ، الشوکہ ، مشرقی المغازی، مشرقی البریج ، الشجاعیہ اور السعودی جیسے علاقوں میں کئے۔
رپورٹ میں بتایا گيا ہے کہ صیہونی جنگی طیارے غزہ پٹی کی فضاؤں میں پرواز کرتے رہے ہيں جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور اس طرح اس دوران صیہونی ڈرون طیاروں نے ہتھیاروں کے ساتھ ان علاقوں پر مسلسل پروازیں کیں جہاں قیدیوں کو حوالے کیا جانا تھا۔
صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی اتنے بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کے باوجود، مغربی طاقتیں، خاموش ہیں اور صیہونی حکومت کے جرائم کی بدستور حمایت کر رہی ہیں۔