Mar ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • غاصب اسرائیلی فوج شام میں جارحانہ کارروائيوں اور لوٹ مار میں مصروف

غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج ، شام کی بحرانی صورت حال سے ناجائز و غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اس ملک میں لوٹ مار اور جارحانہ و غاصبانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شام کے تیئیس علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کیا جبکہ اسے شامی فوج کی جانب سے کسی بھی قسم کے ردعمل یا مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ایسا لگتا ہے کہ شام کے نئے حکام قنیطرہ اور اس کے آس پاس کی علاقوں کے بدلتے حالات سے چشم پوشی کئے ہوئے ہیں۔ ان ذرائع نے صیہونی فوج کی جانب سے بھاری مقدار میں شامی اسلحے کو اپنی تحویل میں لئے جانے  اور اس اسحلے کو اسرائیل منتقل کئے جانے کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ شامی فوج کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی دفاعی قدم نہیں اٹھایا گيا ہے جبکہ صیہونی فوج نے شام کے گيارہ فوجی مراکز کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق صیہونی فوج ، شام میں مختلف علاقوں منجملہ جبل الشیخ میں صیہونی فوجی اڈے قائم کر رہی ہے جبکہ شام کی بحرانی صورت حال سے غلط فائدہ اٹھائے جانے پر شامی عوام میں شدید برہمی پائي جاتی ہے۔ ان ذرائع‏ کا یہ بھی کہنا ہے کہ صیہونی حکومت، شام میں مسلسل توسیع پسندی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہےاور صیہونی فوج شامی فوجی اڈوں کو بھی تباہ کر رہی ہے۔

شام میں بشار اسد کی حکومت کا خاتمہ ہوجانے کے بعد سے صیہونی فوج نے مقبوضہ جولان اور حائل علاقے کو عبور کر کے شام کے مزید علاقوں پر قبضہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس نے درعا اور قنیطرہ کے مختلف علاقوں پر غاصبانہ قبضہ بھی کر لیا ہے اور توسیع پسندی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بارے میں مبصرین نے جنوبی شام میں صیہونی فوجی نقل و حرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے علاقے میں صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کی گھناؤنی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔ ان مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ بات مکمل طور پر واضح ہے کہ نیتن یاہو غزہ اور غرب اردن میں اپنی شکست کی پردہ پوشی کے لئے شام اور جنوبی لبنان میں امریکہ کی ٹرمپ حکومت کی بھرپور حمایت کی بنا پر غاصبانہ قبضہ جمانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

ٹیگس