Mar ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • جنوبی لبنان پر اسرائیلی ڈرون کا لبنانی شہریوں کی گاڑیوں پر حملہ

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے علاقے راس النقورہ میں شہریوں کی دو گاڑیوں پر حملہ کیاہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: جنوبی لبنان میں المیادین کے نامہ نگار کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے راس النقورہ کے علاقے میں دو شہری گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے-اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے حملے کے بعد نشانہ بننے والی گاڑی کے قریب جانے کی کوشش کرنے والے شہریوں کو بھگانے کےلیے ایک اور حملہ کیا۔
تیسرے حملے میں اسرائیلی ڈرون نے لبنانی فوج کو جائے وقوعہ تک پہنچنے سے روک دیا۔المیادین کے رپورٹر نے مزید کہا کہ اس حملے میں نشانہ بننے والی گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے، اور آخرکار ریڈ کراس اور لبنانی فورسیز تباہ شدہ گاڑی تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
واضح رہے کہ چھبیس نومبر کو کئی ماہ کی جنگ کے بعد ، امریکہ نے اسرائیلی حکومت اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے حصول کی خبر دی۔
سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے لبنان اور اسرائیلی حکومت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد، یہ معاہدہ بدھ ستائیس نومبر کی صبح سے نافذ العمل ہوا۔ اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے مسلسل اور روزانہ اس کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

ٹیگس