صیہونی فوجیوں کی مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں پیش قدمی جاری
صیہونی فوجیوں نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں پیش قدمی جاری رکھی ہے جبکہ مزاحمتی جنگجوؤں نے بمباری اور فائرنگ کا جواب دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غربی کنارے کے مختلف علاقوں کے خلاف صیہونی فوج کی جارحیت جاری ہے اور اس دوران فلسطینی مزاحمتی جوان بھی قابضین کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے جنوبی مغربی کنارے میں الخلیل کے جنوب میں واقع گاؤں طراما سے درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق غزہ پٹی کے جنوبی حصے میں "الظاہریہ" چوکی پر صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی کو گولی مار کر زخمی دیا۔ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کا المصایف محلہ بھی صیہونی ٹولے کی گزند سے محفوظ نہیں رہ سکا۔
اس دوران فلسطینی شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس کے شمال مغرب میں علاقے میں صیہونی حکومت کے دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو شہید اور دو کو زخمی کر دیا۔ ان جرائم کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی صہیونی فوجیوں اور آباد کاروں کے خلاف اپنی کارروائیوں تیز کر دی ہیں۔صیہونی ٹی وی چینل 14 نے اطلاع دی ہے کہ فلسطینی جوانوں نے شمال مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب میں واقع قصبے "یعبد" میں غاصب صیہونیوں پر گولے پھینکے اور فائرنگ کی۔ دیر ابو ضعیف نامی قریے میں بھی صہیونی فوجیوں کو بموں سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ صیہونی میڈیا نے اسی طرح نابلس شہر کے جنوب میں مشرقی گاؤں "اللبن" کے قریب پتھراؤ کے دوران ایک آباد کار کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج نے "بروقین" آپریشن انجام دینے والے کو گرفتار کرنے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ اس سے قبل صیہونیوں نے اسے شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔