Jun ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • غزہ، چوبیس گھنٹے میں پانچ سو سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی

غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں، گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پانچ سو سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام:غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے فلسطینی شہدا کے جدید ترین اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ پر صیہونی جارحیت میں ایک سو آٹھ فلسطینی شہید اور تین سو ترانوے دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے اسی طرح انسان دوستانہ امداد کے حصول کی کوششوں کے دوران پانچ فلسطینیوں کے شہید اور ایک سو تئیس کے زخمی ہونے کی خبر دی۔

بیان میں کہا گیا کہ ابتک امداد کے حصول کی کوششوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سو پندرہ اور زخمیوں کی تعداد ایک ہزار ایک سو دس ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اٹھارہ مارچ دو ہزار پچیس  سے اب تک غزہ میں چار ہزار چھے سو تین فلسطینی شہید اور چودہ ہزار ایک سو چھیاسی دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تئیس سے اب تک غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد چّون ہزار آٹھ سو اسّی جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ چھبیس ہزار دو سو ستائیس ہو گئی ہے۔

 

ٹیگس