فلسطین کی قانون ساز اسمبلی کے ایک رکن کی شہادت
فلسطینی ذرائع نے غزہ کے خلاف جاری صیہونی جارحیت میں فلسطین کی قانون ساز اسمبلی کے ایک رکن کی شہادت کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق فلسطین کی قانون ساز اسمبلی کے ایک رکن فرج الغول منگل کو غزہ میں صیہونی جارحیت میں شہید ہو گئے۔ صیہونی فوج نے بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کئے جن میں فلسطین کے طبی ذرائع کے مطابق پانچ فلسطینی شہید و زخمی اور جبکہ الشاطی کیمپ پر جارحیت کے نتیجے میں کئي فلسطینی لاپتہ ہوئے ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے اعلان کے مطابق فلسطین کے معروف قاری قرآن علا عزام بھی غزہ میں تل الہوی میں اپنے گھر پر صیہونی بمباری میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شہید ہو گئے۔ غزہ کے مرکز النصیرات کیمپ پر بھی صیہونی فوج نے حملہ کیا۔ غزہ کے مشرقی علاقوں پر بھی صیہونی فوج مسلسل بمباری و گولہ باری کر رہی ہے۔ غزہ میں اللبابیدی روڈ پر حمزہ مسجد کے اطرافی علاقوں پر بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی فوج نے غزہ کے جنوب مشرق میں واقع الزیتون علاقے کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا۔