اربعین حسینی، عالمی حریت پسندوں کا استکبار کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ
دنیا کے حریت پسندوں نے اربعین حسینی کے موقع پر پہلی باراستکبار مخالف مارچ کا اعلان کیا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: اربعین حسینی صرف مذہبی پہلو نہیں رکھتا بلکہ یہ عصر حاضر میں سامراجی طاقتوں کے خلاف حریت پسندی کی عظیم عوامی تحریک ہے جس میں سبھی مذاہب کے لوگ شرکت کرتے ہیں۔
اربعین مارچ میں مختلف اقوام اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے کروڑوں لوگ شرکت کرتے ہیں اور سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی راہ حقانیت، حقیقت، مظلومیت اور مقاومت پر بے مثال اتحادو یک جہتی کا مظآہرہ کرتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے 9 اکتوبر 2018 کو اپنے ایک خطاب میں اس عظیم تحریک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ " اربعین حسینی، نئے اسلامی تمدن کی راہ ہموار کرتا ہے؛ اگر اقوام اس فکری اور تہذیبی گہرائی کے ساتھ ایک دوسرے سے متصل ہوجائيں تو دشمن پر ان پر تسلط نہیں جماسکتے۔"
اس سال کا اربعین حسینی گزشتہ برسوں سے مختلف ہے۔ یہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے براہ راست حملے اور 12 روزہ جارحیت کے بعد پہلا اربعین ہے۔
ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی براہ راست جارحیت، ایرانی عوام کے ساتھ امت اسلامیہ، مختلف ملکوں کی اقوام بالخصوص عراقی عوام کی ہمدلی اور یک جہتی بڑھ جانے پر منتج ہوئی ہے ، بنابریں اس سال کے اربعین حسینی میں سامراج اور صیہونیت کی مخالفت نیزانقلابی و مقاومتی تحریک کا رنگ غالب ہے ۔
اس سال کے اربعین حسینی کا ایک خصوصی جلوہ، " مسیرۃ الارحرا" یعنی حریت پسندوں کا مارچ ہے۔
یہ مارچ جمعہ 15 اگست کو کربلائے معلی کے وقت کے مطابق شام پانچ بجے روضہ امام حسین علیہ الصلواۃ والسلام کے صحن عقیلہ سے شروع ہوگا اور جمیعت اسکوائر پر پہنچ کر ختم ہوگا جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے زائرین شرکت کریں اورظلم نیز عالمی سامراج کے مقابلے میں سید الشہدا امام حسین علیہ الصلواۃ والسلام کے بتائے ہوئے اصولوں اور آپ کی راہ مقاومت پر باقی رہنے کے عہد کا اعلان کریں گے۔
اس سال کا اربعین حسینی امت اسلامیہ کے اقتدار کے مظہر میں تبدیل ہوگیا ہے اور دنیا کی سامراجی طاقتوں کے لئے " مسیرۃ الاحرار" کا پیغام یہ ہے کہ مسلم اقوام سید الشہدا ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے دکھائے ہوئے حریت، آزادی اور عزت و شرف کے راستے پر گامزن رہيں گی اور قدس شریف کی آزادی تک سکون سے نہیں بیٹھیں گی۔