غزہ کے شہدا کی تعداد 61400 سے تجاوز کرگئی
غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جاری جرائم کے نتیجے میں شہداء کی تعداد اکسٹھ ہزار چار سو تیس تک پہنچ گئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں غزہ میں اکسٹھ فلسطینی شہید اور تین سو ترسٹھ زخمی ہوئے ہیں اعداد و شمار کے مطابق شہداء غزہ کی تعداد سات اکتوبر دوہزار تیئس سے اب تک اکسٹھ ہزار چار سو تیس اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ ترپن ہزار دو سو تیرہ ہوگئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کی وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں دو بچوں سمیت پانچ فلسطینی بھوک کے سبب شہید ہوئے ہيں غزہ پٹی میں بھوک سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد دوسو سترہ ہوگئی ہے جن میں سو بچے ہيں۔
دریں اثنا غزہ کے انفارمیشن سنٹر نے رپورٹ دی ہے کہ فضائی امداد رسانی کی غلط روش کے سبب اب تک تیئس فلسطینی شہید اور ایک سو چوبیس زخمی ہوچکے ہیں۔ غزہ کے انفارمیشن سنٹر کا کہنا ہے کہ قابضوں کے زیرتسلط علاقوں یا دیگر خطرناک علاقوں میں فضائی امدادی سامان نیچے آنے کے بعد اس کے قریب جانے پر براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔