القسام بریگیڈ کی غیر معمولی مقاومتی کارروائياں؛ متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی + ویڈیو
خبری ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی میں صیہونی فوجیوں کو اسیر کرنے کےلئے تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک غیر معمولی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں بہت سے فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ حماس کے دس مجاہدین نے رفح میں کفیر بریگیڈ کے ایک مرکز پر حملہ کردیا جس کے بعد اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے زخمی صیہونیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے دس مجاہدوں نے رفح میں کفیر بریگیڈ بیس میں اسرائیلی فوجیوں کو اسیر بنانے کی کوشش کی۔ بعض دیگر ذرائع نے کہا ہے کہ اس واقعے میں تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہيں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسرائیلی حکومت کے ٹیلی ویژن چینل چودہ نے بھی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ حماس کے متعدد افراد نے جنوبی غزہ میں ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا جہاں اسرائیلی فوجیوں کی ان سے جھڑپیں ہوئیں۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بھی اس حملے کو ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت کے لڑاکا طیاروں نے حملے کا مقابلہ کرنے میں حصہ لیا اور حماس کے کچھ فوجی شہید ہوگئے۔ اس سلسلے میں القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ اس نے خان یونس کے جنوب مشرق میں صیہونی دشمن کے اڈے پر حملہ کیا اور ان کے متعدد مرکاوا ٹینکوں کو تباہ کر دیا۔ القسام نے اعلان کیا کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس کارروائی میں اس نے دور دراز سے متعدد میزائلوں اور راکٹوں سے ان گھروں کو نشانہ بنایا جہاں صیہونی فوجیوں نے پناہ لے رکھی تھی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔
حماس کے عسکری ونگ نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ اس نے مرکاوا ٹینک کے کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔ القسام نے اعلان کیا کہ اس بریگیڈ کے ایک فرد نے شہادت پسندانہ کارروائی کرتے ہوئے صیہونی امدادی فورسز کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔اس سے قبل القسام بریگیڈز نے اعلان کیا تھا کہ اس نے رفح شہر کے جنوب میں واقع تلہ زعرب کے علاقے کے قریب صلاح الدین محور پر صہیونی دشمن کے ایک کمانڈ سینٹر اور چوکی کو نشانہ بنایا۔