غزہ کے شہدا کی تعداد 64700 سے تجاوز کرگئی
غزہ میں صیہونیوں کے بہیمانہ جرائم کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت نے بدھ سے لے کر جمعرات تک غزہ کے مختلف علاقوں میں 72 لوگوں کو براہ راست فائرنگ اور بمباری میں شہید کردیا ہے۔ ان حملوں میں 356 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادھر صیہونیوں کے غذا کے تقسیم کے مراکز موت بانٹ رہے ہیں جہاں صیہونی فوج کے اسنائپروں نے 9 فلسطینیوں کو شہید اور 87 کو زخمی کردیا۔ ان مراکز میں غذا حاصل کرنے کے لیے پہنچنے والے شہید فلسطینیوں کی کل تعداد بڑھ کر 2 ہزار 465 تک پہنچ گئی ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7 فلسطینی شدید غذائی قلت کے نتیجے میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ ان میں سے ایک کم سن بچہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 11 ستمبر سن 2025 تک غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 64 ہزار 718 ہوچکی ہے اور اس دوران 1 لاکھ 63 ہزار 859 فلسطینی زخمی اور معذور ہوچکے ہیں۔