افغانستان میں غیر ملکی فوجی موجودگی کی مخالفت پر عبوری حکومت کا مثبت ردعمل
افغان عبوری حکومت نے افغانستان میں کسی غیر ملکی فوجی اڈے کے خلاف چار ملکوں کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان، چین، ایران اور روس کے وزرائے خارجہ اجلاس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت کے ترجمان حمد اللہ فطرت کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان، روس، چین اور ایران کی جانب سے افغانستان میں غیر ملکی فوجی اڈے کے قیام کے خلاف بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، افغانستان میں کسی مسلح گروہ کو سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی گئی، یہ بات بے بنیاد ہے کہ افغانستان سے دوسرے ممالک کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق داعش خراسان کمانڈر محمد احسانی عرف انوار افغانستان کے شہر مزار شریف میں ہلاک ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احسانی تاجک خودکش بمباروں کو پاکستان لانے اور تربیت دینے کا ذمہ دار تھا۔ داعش کمانڈر محمد احسانی دو ہزار بائیس میں پشاور کوچہ رسالدار دھماکے میں مرکزی سہولت کار تھا، دھماکے میں سڑسٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔