البرغوثی : غاصب صیہونی حکومت کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روکا جائے
فلسطینی رہنما مصطفی البرغوثی نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے ثالثین اور اس پر عمل درآمد کے ضامن ملکوں سے غاصب صیہونی حکومت کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ کیا ہے
ممتاز فلسطینی رہنما، مصطفی البرغوثی نے الاقصی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو غزہ میں ایک بار پھر جنگ کے شعلے بھڑکانا اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کا آغاز کرنا چاہتے ہیں ۔
فلسطین نیشنل ایکشن موومنٹ کے سیکریٹری جنرل مطفی البرغوثی نے کہا کہ ہم ثالثین اور جنگ بندی کے ضامن ملکوں سے مطآلبہ کرتے ہیں کہ امریکی صدر ٹرمپ سے غزہ میں صیہونی حکومت کی خلاف ورزیاں روکنے کا مطالبہ کریں ۔
اس دوران حماس کے سینیئر رہنما عزت الرشق نے اتوار کی شام ایک بار پھر کہا ہے کہ ہم جنگ بندی کی مکمل پابندی کررہے ہیں لیکن صیہونی حکومت تسلسل کے ساتھ خلاف ورزی کررہی ہے۔
انھوں نے مقاومتی محاذ کی جانب سے جنگی بندی کی پابندی جاری رہنے پر زور دیتے ہوئے ضامن ملکوں سے سے صیہونی فوجیوں کے حملے رکوانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
فلسطینی رہنماؤں نے یہ مطالبہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اتوار کو غزہ کے بیس سے زآئد مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں درجنوں بے گںاہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ۔
امریکی نیوز سائٹ ایکسیوس نے بعض ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے امریکی کمانڈ سینٹر کے توسط سے جس کے ذمہ غزہ میں جنگ بندی کی نگرانی ہے، ٹرمپ حکومت کو اتوار کے حملوں کی اطلاع دی تھی۔
اس دوران فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں ٹرمپ کے مجوزہ بیس نکاتی منصوبے کی منظوری اور جنگ بند ہونے کے بعد سے غاصب صیہونی حکومت اسّی سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد گزشتہ چند دنوں میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں ستانوے فلسطینی شہید اور دو سو تیس زخمی ہوئے ہیں۔