افغانستان میں آیا شدید زلزلہ، اب تک 20 افراد جاں بحق
افغانستان میں زلزلے سے اب تک 20 افراد جاں بحق اور تین سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مقامی ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بلخ کے صدر مقام مزار شریف کے قریب پیر کی صبح زلزلہ آیا اور اس کے جھٹکے سمنگان، قندوز اور بدخشاں صوبوں میں بھی محسوس کئےگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کی شدت رکٹر اسکیل پر 6 اعشاریہ 3 اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کے شہروں اور دیہات میں بھی متعدد مکانات، تجارتی مقامات اور عوامی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بلخ اور سمنگان کے صوبوں نے سب سے زیادہ نقصان کی اطلاع دی ہے اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔ امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو طبی مراکز منتقل کیا اور متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی۔ عینی شاہدین نے مزار شریف میں مسجد کے ایک حصے کو نقصان اور اس مذہبی عمارت کے ارد گرد کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاع دی ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں اب تک 20 افراد کے جاں بحق ہونے اور 320 سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔