نائیجیریا میں اسلامی مبلغ 'یحییٰ مسوسوکا' کا گولی مار کر قتل
نائیجیریا کی شمالی ریاست کاتسینا کے علاقے دوتسِن ما میں مسلح افراد نے اسلامی مبلغ یحییٰ مسوسوکا کو ان کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کردیا۔
سحرنیو/ایران: مختلف خبری ذرائع کی رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے47 سالہ یحییٰ مسوسوکا کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے مہمانوں کو رخصت کر رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مہمان بھی زخمی ہوا ہے۔
مقامی پولیس نے بتایا کہ دونوں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ان کے پسماندگان میں دو بیویاں اور سات بچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قتل سے چند ماہ قبل ریاست کاتسینا کی حکومت نے انہیں علما کی ایک کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، تاکہ ان الزامات کا جواب دے سکیں کہ ان کی تعلیمات مسلمہ اسلامی اصولوں کے خلاف ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مسوسوکا نے 13 سال کی عمر میں قرآنی مدارس میں تبلیغ کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے مصر کی جامعہ الازہر میں تعلیم حاصل کی اور عمان میں بھی اپنی تعلیم جاری رکھی۔ وہ اپنے گھر میں قائم ایک اسٹوڈیو میں اپنے بیانات ریکارڈ کرتے تھے جنہیں سوشل میڈیا پر ان کے پیروکاروں کے لیے جاری کیا جاتا تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel