Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۲۱:۵۸ Asia/Tehran
  • حسین امیر عبداللہیان، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ
    حسین امیر عبداللہیان، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے لبنان کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات میں باہمی تعلقات اور علاقے کے حالات کا جائزہ لیا ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بیروت میں لبنان کے وزیراعظم تمام سلام سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سعودی عرب سمیت علاقے کے ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے-

حسین امیر عبداللہیان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لبنانی وزیراعظم کی کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان میں بجلی اور شہری سہولیات جیسے موجودہ بحرانوں کو ختم کرنے میں مدد دینے اور اپنی صلاحیتوں اور تجربات سے ملت لبنان کو فائدہ پہنچانے کے لئے تیار ہے-

اس ملاقات میں لبنان کے وزیراعظم تمام سلام نے کہا کہ ایران کو ہمیشہ علاقے کی سیکورٹی اور استحکام کی فکر رہی ہے اور لبنانی حکام سے ایرانی حکام کی ملاقاتیں اس کی عکاسی کرتی ہیں- ایران کے نائب وزیر خارجہ نے لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل سے ملاقات میں کہا کہ بحران شام کی راہ حل، صرف سیاسی ہے اور اس ملک کے صدر بشار اسد اس راہ حل کا حصہ ہیں-

حسین امیر عبداللہیان نے علاقے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی ایران کی اسٹریٹیجک پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ممالک کو جنگ سے دور کرنے کی ایران کی کوششیں کامیاب ہوں گی- اس ملاقات میں لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل نے ایران کی علاقائی سفارت کاری کی پالیسیوں کا خیرمقدم کیا- لبنان کے وزیر خارجہ نے ایرانی حکام کے دورہ لبنان کو لبنان کی بھرپور حمایت کا غماز قرار دیا اور تاکید کی کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی کو برداشت نہیں کر سکتا-

ٹیگس