Sep ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم
    حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ لبنان کو ایک خودمختار اور طاقتور صدر کی ضرورت ہے-

لبنان کی النشرہ ویب سائٹ کے مطابق حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم نے ہفتے کے روز جنوبی لبنان کے نبطیہ شہر میں حزب اللہ کی داخلی کمیٹیوں کے اجلاس میں کہا کہ لبنان کا صدرایسا ہو جو شفاف پروگرام رکھتا ہو اور اپنے وعدوں کا پابند ہو اور نیشنل فریڈم پارٹی کے سربراہ میشل عون ان خصوصیات کےحامل ہیں-

شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی حکومت میں شراکت کے لئے حزب اللہ کے اہداف کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ لبنان کی مقبوضہ سرزمینوں کو آزاد کرانا، لبنان کے خلاف صیہونی دشمن کی دوبارہ جارحیت کی روک تھام کرنا اور لبنان کے عوام کی خدمت کرنا، حکومت لبنان میں شراکت کے لئے حزب اللہ کے جملہ اہداف میں شامل ہے-

 شیخ نعیم قاسم نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کوڑا کرکٹ کے بحران میں شدت کے باعث عوام کے احتجاجی مظاہروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرے کرنا عوام کا حق ہے لیکن حزب اللہ نے ان مظاہروں میں شرکت نہیں کی اور اپنا احتجاج اس انداز سے پیش کیا کہ جس سے عوامی مفادات کا تحفظ ہو-

 واضح رہے کہ پچیس مئی دو ہزار چودہ سے میشل سلیمان کے عہدہ صدارت کی مدت ختم ہونے کےبعد سے لبنان کو سیاسی بحران کا سامنا ہے اور اس ملک کے سیاستداں اختلافات کے سبب ابھی تک کسی ایک صدارتی امیدوار کے نام پر اتفاق نہیں کر سکے ہیں-

ٹیگس