دہشت گردی کی مذمت بہت ہو چکی ؛ دنیا عملی قدم اٹھائے : عراقی وزیر خارجہ
Sep ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۱:۰۱ Asia/Tehran
-
دہشت گردی کی مذمت بہت ہو چکی ؛ دنیا عملی قدم اٹھائے : عراقی وزیر خارجہ
عراق کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کے شکار ممالک کی مدد کے لئے بنیادی اقدامات کرنے چاہئیں ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والوں کے سلسلے میں پیرس میں ہونے والی ایک کانفرنس میں کہا کہ عراق ، آج کئی طرف سے مختلف چیلنجوں کا شکار ہے یہاں تک کہ اس ملک کو سیکورٹی کے مسائل ، سیاسی انتشار، موصل کے مسئلے اور عراقی قوم کے مختلف طبقات کے درمیان فتنے کی آگ بھڑکائے جانے کی سازشوں کا سامنا ہے -ابراہیم جعفری نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کے اقدامات کا نہ صرف یہ کہ اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ ان کا دوسرے ادیان سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے - عراق کے وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بنیادی اورعملی اقدامات کرنے چاہئیں ۔ انھوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سے چاہتے ہیں کہ اب مسائل و مشکلات کے بارے میں زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کے مرحلے میں داخل ہوں - انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی مذمت بہت ہو چکی ، اب ہمیں دہشت گردی کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے - انھوں نے کہا کہ ہم سب متفق ہیں کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے لہذا اس کا جواب بھی عالمی ہونا چاہئے-