فلسطین کا پرچم اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر لہرائے گا۔
Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار فلسطین کا پرچم اس عالمی تنطیم کے ہیڈکوارٹر اور دیگر ذیلی اداروں پر لہرایا جائے گا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دنیا کے پچاس سے زیادہ ملکوں کی جانب سے پیش کی جانے والی اس قرارداد کو منظور کرلیا ہے جس میں اس عالمی تنظیم کے ہیڈکوراٹر اور دیگر ذیلی اداروں پر فلسطین کا پرچم لہرائے جانے کی درخواست کی گئی تھی۔جمعرات کو ہونے والی رائے شماری میں جنرل اسمبلی کے ایک سو انیس ارکان نے قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالے۔ امریکہ کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت، اسرائیل کے حامی سات ملکوں نے قرارداد کی مخالفت کی، جبکہ پینتالیس ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر فلسطین کا پرچم لہرانے کے لئے آئندہ پندرہ دن کے اندر ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔
اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں فلسطین کا پرچم لہرانے کی اجازت ملنے کو فلسطینیوں کی سفارتی فتح قرار دیا جارہا ہے۔
جنرل اسمبلی میں فلسطین کا پرچم لہرائے جانے کی قرارداد کی منظوری سے اسرائیل کو زبردست دھچکہ لگا ہے۔