یمن پر سعودی عرب کے حملے جاری
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
-
یمن پر سعودی عرب کے حملے جاری
سعودی عرب کسی وقفے کے بغیر یمن پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کے دن یمن کے دار الحکومت صنعا پر چالیس مرتبہ بمباری کی اور متعدد بار الصیانہ فوجی چھاؤنی کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صنعا کے محلہ بیجان پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کے جیٹ طیاروں نے صوبہ تعز کے گورنر محمد منصور الشوافی کے گھر اور اس کے اطراف میں واقع دیگر رہائشی مکانات کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں دس عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یمن کے مآرب صوبے میں بھی سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے میں تین عام شہری شہید ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب امریکی اور برطانوی طیاروں اور میزائلوں کے ساتھ یمن پر بمباری کر رہا ہے۔ دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے تعز، اب اور مآرب صوبوں میں کافی پیش قدمی کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان صوبہ اب میں القاعدہ کے دہشت گردوں اور سعودی عرب کے پٹھووں کے گڑھ حزم العدین کے علاقے میں بھی تیزی کے ساتھ پیشقدمی کر رہے ہیں۔ اس لڑائی میں سعودی عرب کے حمایت یافتہ مسلح دہشت گرد گروہ کا ایک سرغنہ ہلاک ہوگیا ہے۔ دریں اثنا یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی عرب کے علاقے الخوبہ میں اس ملک کے متعدد فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔