امریکہ عراق میں دہشت گرد گروہوں کو مسلح کر رہا ہے: نعیم العبودی
Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۳:۲۴ Asia/Tehran
عراق کی تحریک عصائب اہل حق کے ترجمان نعیم العبودی نے امریکہ پر عراق میں دہشت گردوں کو مسلح کرنے کا الزام لگایا ہے۔
العالم ٹی وی کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی تحریک عصائب اہل حق کے ترجمان نعیم العبودی نے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ عراق میں ان دہشت گرد گروہوں کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے جن کے ہاتھ عراقی عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔نعیم العبودی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے عراق میں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے دہشت گردوں کو ہلکے اور نیم بھاری ہتھیار دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دہشت گردوں کو یہ ہتھیار دے کر عراق کی قبائلی بنیادوں پر تقسیم کے ناپاک منصوبے پر عمل درآمد کی تیاری کر رہا ہے۔
نعیم العبودی نے کہا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے صوبہ صلاح الدین میں فتنہ و فساد برپا کرنے اور ملک کو تقسیم کرنے پر مبنی امریکہ کی سازش ناکام بنا دی ہے۔
عراق کی تحریک عصائب اہل حق کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے عراقی فوج کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے دہشت گرد گروہ داعش کے زیر قبضہ بہت سے علاقوں کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ صوبہ الانبار کی آزادی کے لیے عراق کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں کی شرکت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔