بحرین میں حکومت مخالفین پر تشدد کی مذمت
Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
-
اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے آزادی بیان مے نا کیائی
اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے آزادی بیان نے بحرین میں حکومت مخالفین پر تشدد کی مذمت کی ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے آزادی بیان مے نا کیائی(Maina Kiai) نے منگل کے دن بحرین کی حکومت کی جانب سے جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سیکریٹری شیخ علی سلمان پر لگائے جانے والے الزامات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ شیخ علی سلمان کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ آزادی بیان پر تاکید کرتے ہیں۔مے نا کیائی نے بحرین کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شیخ علی سلمان کے مقدمے سے متعلق معلومات اقوام متحدہ کو پیش کرے۔
واضح رہے کہ بحرین کی عدالت نے جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سیکریٹری شیخ علی سلمان کے مقدمے کی سماعت چودہ اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔ شیخ علی سلمان کے مقدمے کی سماعت متعدد مرتبہ ملتوی کی جا چکی ہے۔
بحرین کی عدالت نے گزشتہ جون کے مہینے میں جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سیکریٹری شیخ علی سلمان کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ان پر، حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے عوام کو اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد ملکی اور عالمی سطح پر بحرین کی شاہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ سوئٹزر لینڈ نے بھی پیر کے دن بتیس ممالک کا ایک مشترکہ بیان جنیوا میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کیا جس میں بحرین کی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے مزید اقدامات انجام دے۔
رواں سال کے اوائل سے لے کر اب تک بحرین میں ایک ہزار تین سو ستّر سے زیادہ افراد کو حکومت مخالف مظاہروں میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔