Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • مسجد الحرام میں پیش آنے والا کرین سانحہ
    مسجد الحرام میں پیش آنے والا کرین سانحہ

سعودی عرب کے بادشاہ سلمان نے بن لادن گروپ کو مسجد الحرام میں پیش آنے والے کرین سانحے کا ذمہ قرار دے دیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہی دیوان نے خانہ کعبہ میں کرین سانحے کا ذمےدار بن لادن گروپ کو قرار دیا ہے اور اس گروپ کے عہدیداروں پر ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مسجدالحرام میں گرنے والی کرین بن لادن گروپ کی ملکیت تھی اور توسیعی کاموں کی ذمہ داری بھی اسی کمپنی کے پاس تھی۔ یاد رہے کہ بن لادن گروپ القاعدہ کے سابق سرغنہ اسامہ بن لادن کے خاندان کی ملکیت ہے۔
سعودی شاہی دیوان نے کرین کے حادثے میں دہشت گردی کا امکان مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ کرین کی غلط پوزیشن کے سبب پیش آیا۔ شاہی دیوان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بن لادن گروپ کو اس حادثے کے سبب آئندہ کسی قسم کے منصوبے پرکام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یاد رہے کہ جمعے کو نمازِ مغرب سے ذرا قبل مسجد الحرام میں ایک کرین گر گئی تھی جس کے باعث کم از کم ایک سو گیارہ حجاج جاں بحق ہو گئے تھے جن میں مصر، ایران، پاکستان اور ہندوستان کے شہری شامل تھے۔ اس سانحے میں تین سو نوے حاجی زخمی بھی ہوئے تھے۔ مسجد الحرام میں کرین سانحہ ایسی حالت میں پیش آیا کہ جب لاکھوں مسلمان حج کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ میں پہنچے ہوئے ہیں۔

ٹیگس