انقلاب یمن کی حمایت میں اس ملک کے عوام کے مظاہرے
Sep ۲۲, ۲۰۱۵ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
یمنی عوام نے اپنے ملک کے انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے وسیع پیمانے پر مظاہرے کیے ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے دسیوں ہزار عوام نے پیر کے روز تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین حوثی کی دعوت پر ملت یمن کے انقلاب کی کامیابی کی پہلی سالگرہ پر مظاہرے کیے اور اس انقلاب کے نتائج و ثمرات کے حصول کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا-ان مظاہروں میں شریک لوگوں نے اللھم لک لبیک کے نعرے لگا کر یمنی فوج کی حمایت کا اعلان کیا اور اپنے انقلابی اہداف و مقاصد کے پورا ہونے پر زور دیا- مظاہرین نے اسی طرح دارالحکومت صنعا کے علاقے باب الیمن میں جمع ہو کر یمن پر سعودی عرب کے حملوں اور صیہونی حکومت کی مسجد الاقصی پر جارحیت کی مذمت کی-مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اپنے ملک کے خلاف جارحیت کے مقابلے میں یمنی عوام کی استقامت اور قربانیوں کو سراہا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آل سعود حکومت کی سرکردگی میں عرب اتحاد کے حملوں کے سامنے یمنی عوام کی مزاحمت و استقامت نے دنیا والوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے-