عمان کی وزارت خارجہ میں بحرین کے ناظم الامور کی طلبی
Sep ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۳:۳۸ Asia/Tehran
عمان کی وزارت خارجہ میں بحرین کے ناظم الامور کو طلب کیا گیا ہے-
مسقط سے موصولہ رپورٹ کے مطابق صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر سعودی اتحاد کے حملے پر احتجاج میں بحرین کے ناظم الامور کو عمان کی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا-رپورٹ کے مطابق عمان کی وزارت خارجہ نے مسقط میں متعین بحرین کے ناظم الامور کو طلب کیا اور صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر سعودی عرب کے اتحادیوں کے حملے کے سلسلے میں ایک احتجاجی یادداشت ان کو پیش کی گئی-
عمان نے اس سے پہلے مسقط میں متعین سعودی عرب کے سفیر کو بھی وزارت خارجہ میں طلب کرکے ان کو صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر ہونے والے سعودی اتحاد کے حملے سے متعلق عمان کے احتجاج سے آگاہ کیا تھا- واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو سعودی عرب کی سرکردگی میں عرب اتحاد کے جارح لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر میزائل حملہ کیا تھا-
عمان نے صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر جارحین کے حملے کی مذمت بھی کی تھی اور اس حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا- عمان علاقے کا واحد عرب ملک ہے کہ جس نے یمن پر سعودی عرب کے حملے میں اس کا ساتھ نہیں دیا ہے-