عالمی سکوت کی آڑ میں صیہونیوں کا مسجد الاقصی پر حملہ
صیہونی انتہاپسندوں نے ایک بار پھرعالمی برادری کی خاموشی کی آڑ میں مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے
فلسطین انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ صیہونیوں کے ایک ہجوم نے پیر کو مسجدالاقصی پر باب المغاربہ کی جانب سے حملہ کیا-
اس حملے میں انہیں صیہونی فوجیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کی بھی حمایت حاصل تھی -
صیہونی حکومت پچھلے ایک مہینے سے مسجد الاقصی کے دروازوں کے گرد سیکورٹی کا سخت پہرہ لگائے ہوئے ہے اور پینتیس سال سے کم عمر کے فلسطینیوں کو مسجد الاقصی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہے -
اس درمیان صیہونی فوجیوں نےفلسطینیوں کے خلاف اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مشرقی بیت المقدس میں شدید شیلنگ کرکے ایک سن رسیدہ فلسطینی خاتون کو شہید جبکہ متعدد فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے-
اس درمیان فلسطین کی ہلا ل احمرسوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران گذشتہ چوبیس گھنٹے میں پینتالیس فلسطینی زخمی ہوگئے جبکہ صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی بچے کو گرفتار کرلیا ہے -
یاد رہے کہ فلسطین میں تحریک انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک گذشتہ اٹھارہ روز کے دوران چوالیس فلسطینی شہید اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے -