صیہونی ادارے کا سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور
ایک صیہونی ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیل کو چاہئے کہ وہ شام میں بشاراسد کی حکومت کو گرانے کے لئے سعودی عرب کے ساتھ زیادہ تعاون کرے۔
لبنانی روزنامے الاخبار نے لکھا ہے کہ تل ابیب میں صیہونی حکومت سے وابستہ سیکورٹی ریسرچ سینٹر نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرروسی حملوں کا تجزیہ کرتے ہوئے اسرائیلی حکام کو سفارش کی ہے کہ وہ علاقے کے عرب ملکوں خاص طور پرسعودی عرب اور ترکی کےساتھ اپنے تعلقات اورتعاون کو فروغ دے -
اس صیہونی ادارے نے کہا ہے کہ مائنس بشار اسد منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کےلئے اقدام کرنا اور ماسکو کے ساتھ بھی تعلقات کوبہتر بنانا ہوگا- واضح رہے کہ شام اور یمن کے بحران کےتعلق سے سعودی عرب اور اسرائیل کا تعاون پورے عالم اسلام کے لئے ایک بڑی مصیبت بنا ہوا ہے -
سعودی عرب اور اسرائیل کے باہمی تعاون کی وجہ سے علاقے خاص طور پرشام اور یمن میں بے شمار جرائم کا ارتکاب اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام ہورہا ہے -
آل سعود اور صیہونی حکومت کے گٹھ جوڑ کے پیش نظرہی سعودی عرب نے فلسطین میں صیہونی فوجیوں کے مظالم پر اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں - اسرائیل اور سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی قربت کے ہی وجہ سے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے صیہونی اخبار معاریو کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ فلسطین کا معاملہ سعودی عرب کے لئے پہلی ترجیح نہیں ہے۔