یمن پر سعودی جارحیت ، متعدد عام شہری شہید اور زخمی
-
یمن پر سعودی جارحیت ، متعدد عام شہری شہید اور زخمی
جمعے کو بھی یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ فضائی حملوں میں دسیوں عام شہری خاک وخون میں غلطاں ہوگئے۔
یمنی ذرائع کے مطابق جمعے کو شمالی یمن کے شہر صعدہ میں سعودی جنگی طیاروں کی بمباری اور دور مار توپوں کی گولہ باری سے کم سے کم چوبیس عام شہری شہید ہوگئے ۔ شہیدہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔
سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے جمعے کو دارالحکومت صنعا کے رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کرکے متعدد عام شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا۔ یمن کے علاقے تعز میں بھی جمعے کو سعودی بمباری میں کئ عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر واقع جیزان میں اپنی ہی ایک فوجی گاڑی پر بمباری کردی جس میں موجود سبھی سعودی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسی کے ساتھ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جمعے کو صوبہ مارب کے علاقے صراواح پر سعودی فوجیوں کے ایک حملے کو پسپا کرتے ہوئے درجنوں سعودی فوجیو ں کو ہلاک کردیا ہے۔ یمنی فوجیوں اور عوامی رضاکاروں نے اس لڑائی میں پندرہ سعودی فوجیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے اسی کے ساتھ سعودی عرب کے سرحدی علاقوں نجران، ظہران اور عسیر میں سعودی حکومت کے متعدد فوجی مراکز پر حملہ کرکے درجنوں سعودی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ یمن کے ان جوابی حملوں میں سعودی فوج کو کافی مالی نقصان بھی پہنچا ہے۔
دوسری جانب العالم نے بتایا ہے کہ صوبہ البیضا کے علاقے الزہرا میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ایک مشترکہ آپریشن میں تیس سے زائد سعودی زرخرید ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے میڈیا سیل کے انچارج احمد حامد نے بتایا ہے کہ یمن کی افواج سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور آئندہ دنوں میں جارحین پر کاری وار لگائے جائیں گے۔