اردوغان ترک جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، سابق صدر عبداللہ گل
ترکی کے سابق صدر عداللہ گل نے موجودہ صدر رجب طیب اردوغان کوترکی میں جمہوریت کےلئے خطرہ قرار دیا ہے۔
ترکی کے سابق صدر عبداللہ گل نے ایک برطانوی اخبار سے انٹرویو میں موجودہ صدر رجب طیب اردوغان کو اپنے ملک میں جمہوریت کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ عبداللہ گل رجب طیب اردوغان کی حکومت میں وزیر خارجہ رہ چکے ہیں اور پھر رجب طیب اردوغان کی ہی پارٹی سے صدر بھی رہ چکے ہیں ۔
انھوں نے رجب طیب اردوغان کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی رجب طیب اردوغان کی کوششوں کے نتیجے میں ترکی اس وقت بے شمار مسائل ومشکلات سے دوچار ہے۔ انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ رجب طیب اردوغان ترکی میں جمہوریت کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔
سابق صدر عبداللہ گل نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عوام اس مسئلے کو سمجھتے ہیں اور اس کو اہمیت دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترکی میں سیاسی اختلافات چاہے کتنے ہی شدید کیوں نہ ہوں وہ جمہوریت کے لئے خطرہ نہیں ہیں ۔
عبداللہ گل نے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے فطری امر ہے اور میری نظر میں یہ مثبت چیز ہے۔ ترکی کے سابق صدر عبداللہ گل نے ترکی کی عوامی جمہوری پارٹی کی کامیابی اور اس کے اراکین کی پارلیمنٹ میں موجودگی کو ترکی کے لئے مثبت قرار دیا اور کہا کہ کہ پارٹیوں کے درمیان اختلافات گفتگو اور مذاکرات کے ذریعے دور کئے جاسکتے ہیں اور انھوں نے ہمیشہ ملک میں یک جہتی کےلئے کوشش کی ہے۔